آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سارے انسانوں کیلئے سعادت ِعظیم: مفتی سہیل قاسمی 




کانپور (سیف الاسلام) شہری جمعیۃ علماء کانپور کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی ”رحمت عالم عشرہ“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔قاضی شہر کانپور حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی کی سرپرستی میں چلائے جا رہے ”رحمت عالم عشرہ“ کے کنوینر مولانا ابوبکر ہادی قاسمی نے بتایا کہ ان جلسوں کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے بارے میں جانیں اور اس پر عمل کریں تاکہ ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں۔ آج ”رحمت عالم عشرہ“ کا دوسرا جلسہ فاطمہ مصلیٰ رام چندی کا اکھاڑہ افتخار آباد میں منعقد ہوا جس کو خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد سہیل قاسمی استاذ جامعہ عربیہ اشاعت العلوم نے کہا کہ ہما رے لئے یہ سعادت اور خوش نصیبی کی بات ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے بندوں کی اصلاح کے لئے اس ماہ ربیع الاول میں اپنے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا اور اللہ تعالیٰ نے قیامت تک کے آنے والوں کے لئے اپنے نبیؐ کی زندگی کو نمونہ بنایا آپ کی زندگی کو پیش نظر رکھ کر جو زندگی گزارے گا وہی کامیاب و کامران ہوگا ہر مسلمان کے دل میں اللہ کے نبی ؐ کی محبت تو ہے لیکن سچی محبت یہ ہے کہ محب محبوب کے نقش قدم پر چلے اس کی ایک ایک ادا کو پسند کرے محبت کے لئے اطاعت لازمی اور ضروری ہے اس کے بغیر محبت جھوٹی ہے آج کے دور کے مسلمان نبی ؐسے محبت کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن نماز سے کوسوں دور ہیں سنت پر عمل نہیں ہے اللہ کے نبی ؐ جن خرافات اور بدعات اور محرمات کو ختم کرنے کے لئے دنیا میں تشریف لائے امت انہی کاموں میں مبتلا ہے،حضرات صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہ سے زیادہ نبیؐ سے محبت کرنے والا کوئی نہیں ہے صحابہ کی زندگیوں میں تابعین اور تبع تابعین کی زندگیوں میں اپ کا یوم پیدائش کئی بار آیا ہے لیکن کسی سے کوئی مخصوص عمل اس دن میں منقول نہیں ہے، مفتی صاحب نے مزید فرمایا کہ نمازوں کی پابندی سنتوں پر عمل کرنا ہر طرح کے گناہوں سے بچنا اور خرافات سے دور رہنا شریعت کی روشنی میں زندگی گزارنا آپؐ سے محبت کی نشانی ہے اللہ تعالیٰ ہم سب کو شریعت کی روشنی میں زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پروگرام کا اختتام ملک میں امن آشتی کی دعا کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر مصلیان مسجد و اہلیان محلہ موجود تھے۔

Post a Comment

SEEMANCHAL EXPRESS

Previous Post Next Post