رتناگیری: 11 اکتوبر کے واقعے سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اور لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے اور مقامی ہم آہنگی کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی۔ جمعیت علماء





رتناگیری17؍ اکتوبر 2024:( پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ضلع رتناگیری کی نگرانی میں جماعت المسلمین کوکن نگر کے صدر الیاس کھوپیکر کی دعوت پر آج میمن سماج ہال، ادھم نگر میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس کا مقصد 11 اکتوبر کے واقعے سے متعلق پھیلی افواہوں کا ازالہ اور شہر میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی ہدایت و رہنمائی کے مطابق کانفرنس میں شریک ذمہ داران نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط بیانیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور مقامی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔  
پریس کانفرنس کے دوران ذمہ داران نے واضح کیا کہ 11 ؍اکتوبر کو ہونے والی آر ایس ایس ریلی کے بارے میں مقامی برادری اور قائدین کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ اگر اطلاع فراہم کی جاتی، تو مسلمان برادری روایتی خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی میں شرکت کرنے والوں کا استقبال کرتی، جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کی نماز کے بعد چند نوجوانوں کی نعرے بازی محض غلط فہمی کا نتیجہ تھی۔ پتھراؤ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مقررین نے پولیس اور ویڈیوز کے ذریعے یہ واضح کیا کہ ریلی مکمل طور پر پرامن رہی۔ تاہم، رات گئے کچھ شرپسند عناصر نے ماحول خراب کرنے کی کوشش میں چند گھروں پر پتھراؤ کیا، لیکن پولیس نے فوری مداخلت سے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ کانفرنس کے اختتام پر تمام برادریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ محبت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور کسی بھی قسم کے جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔
  حکومت اور پولیس انتظامیہ سے درخواست کی گئی کہ مستقبل میں عوامی پروگراموں سے متعلق مقامی نمائندوں کو پیشگی آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی کشیدگی سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع و شہر رتناگیری و مقامی جماعت المسلمین کی کئی معزز شخصیات موجود تھیں، جن میں مفتی توفیق منصور، مولانا الیاس بغدادی، موسیٰ قاضی (سیکریٹری)، عبدالعظیم ہوڑیکر، عمران سید، مستقیم ساکھرکر، ثمیر مجاور، رفیق میمن، سعید مقادم، محمود کھوت، تنظیم پاوسکر، عیسیٰ قاضی، مظفر قاضی، ندیم مجاور، عبدالرزاق قاضی اور علی میاں قاضی سمیت دیگر اہم ذمے داران شامل تھے۔



Post a Comment

SEEMANCHAL EXPRESS

Previous Post Next Post